اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچایا جائے گا، اسی لیے آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا جائے گا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آرہی ہیں، جس کے مثبت اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل جنگی صورتحال کے باعث تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوا تھا، تاہم اب حالات بہتر ہونے سے معاشی خوشحالی کی نئی راہیں کھل رہی ہیں۔
شہباز شریف نے بتایا کہ ایرانی صدر سے حالیہ گفتگو میں انہوں نے پاکستان کے کردار پر بھرپور شکریہ ادا کیا اور جلد پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی اتحاد اور مشترکہ کاوشوں کی بدولت پاکستان نے اہم سفارتی کامیابیاں حاصل کیں۔ انہوں نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، اپوزیشن قیادت اور بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی کا اصل کریڈٹ پوری قوم کو جاتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی آخری رسومات 3 اور 4 جولائی کو ادا کی جائیں گی، جن میں شرکت کے لیے پاکستان کا وفد ایران جائے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے۔






