اسلام آباد: قومی اسمبلی نے مالی سال 27-2026 کا بجٹ اور فنانس بل منظور کر لیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں اراکین نے بجٹ کی منظوری دی۔ بجٹ کی منظوری کے بعد اسپیکر نے اجلاس کل صبح 11 بجے تک ملتوی کر دیا۔
فنانس بل 27-2026 کے مطابق یکم جولائی سے 2 ہزار سے 3 ہزار سی سی تک کی درآمدی گاڑیوں پر 86 فیصد جبکہ 3001 سی سی یا اس سے زائد انجین گنجائش والی درآمدی گاڑیوں پر 92 فیصد ڈیوٹی عائد ہوگی۔
فنانس بل کے تحت پاکستان نیوی بینیولنٹ ایسوسی ایشن اور سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن (ایس آئی یو ٹی) کو ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔
اس کے علاوہ صوبائی ایمپلائز سوشل سکیورٹی اداروں، اورنگی ٹاؤن کے فلاحی ادارے اور میک اے وش فاؤنڈیشن کے لیے بھی ٹیکس رعایت برقرار رکھی گئی ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ بجٹ اور فنانس بل کے ذریعے مالی نظم و ضبط، محصولات میں اضافے اور فلاحی شعبوں کی معاونت کو یقینی بنایا جائے گا۔






