پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں جیل خانہ جات، تحفظ گواہان، گاڑیوں کی رجسٹریشن اور دیگر اہم امور سے متعلق مختلف فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔
وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے متعلق بیان میں بتایا کہ کابینہ کو صوبائی محتسب کے دفتر کی سال 2025 کی کارکردگی رپورٹ پیش کی گئی، جسے صوبائی اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں دو ماتحت یونٹس کے قیام، حکومت سے حکومت کے درمیان معاہدے، نظرثانی شدہ نرخوں اور دیگر امور کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے معمولی نوعیت کے مقدمات میں قید قیدیوں کے لیے دو ماہ کی معافی دینے کی منظوری بھی دی۔
شفیع جان کے مطابق خصوصی معافی کے فیصلے کے بعد متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ اجلاس میں قیدیوں اور جیل خانہ جات سے متعلق دیگر معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ اجلاس میں گلیات سے مری کو پانی کی تقسیم اور فراہمی کے طریقہ کار، پانی کے نرخوں اور واجبات سے متعلق معاملہ بھی پیش کیا گیا۔ کابینہ نے اس معاملے کو مشترکہ مفادات کونسل میں پیش کرنے کی منظوری دے دی۔
کابینہ اجلاس میں گاڑیوں کی رجسٹریشن اور تحفظ گواہان سمیت صوبائی انتظامی امور سے متعلق مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا اور متعلقہ محکموں کو فیصلوں پر قواعد کے مطابق عمل درآمد کی ہدایت کی گئی






