کوہاٹ: پولیس لائنز کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش دھماکے میں ملوث ایک خودکش بمبار کی شناخت ہوگئی ہے، سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور افغان شہری تھا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق خودکش بمبار کی شناخت مطیع اللہ کے نام سے ہوئی ہے جبکہ کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے بم دھماکے میں ملوث دوسرے دہشت گرد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ روز کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران خودکش حملہ کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں پولیس اہلکاروں سمیت 22 افراد شہید جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور تفتیشی کارروائیاں شروع کردی تھیں۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور گورنر خیبر پختونخوا نے کوہاٹ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور حملے میں ملوث دیگر عناصر اور سہولت کاروں کی شناخت کے لیے شواہد کا جائزہ لیا جارہا ہے۔





