پیٹرول ریلیف اسکیم، ایک ٹوکن پر 5 لیٹر کی حد ختم

0
197

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے وزیراعظم شہباز شریف کی پیٹرول ریلیف اسکیم کے تحت ایک ٹوکن پر 5 لیٹر پیٹرول کی مقررہ حد ختم کردی، جس کے بعد 5 لیٹر سے کم پیٹرول ڈلوانے والے موٹرسائیکل، چنگچی اور رکشہ صارفین بھی ہفتہ وار 500 روپے کی رعایت حاصل کرسکیں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے اور موجودہ صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم نے عوام کے لیے خصوصی ریلیف پروگرام شروع کیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا پیغام مکمل طور پر مفت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایک ٹوکن پر 5 لیٹر پیٹرول کی حد بھی ختم کردی گئی ہے، جس کے بعد 5 لیٹر سے کم پیٹرول ڈلوانے والے موٹرسائیکل، چنگچی اور رکشوں کو بھی ہفتے میں 500 روپے کی رعایت ملے گی۔

وفاقی وزیر کے مطابق یکم جنوری 2006 کے بعد رجسٹرڈ ہونے والے تمام موٹرسائیکل اور چنگچی رکشے اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے اہل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکیم میں ہونے والی مجموعی رجسٹریشن میں 91.6 فیصد حصہ دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کا ہے جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کی رجسٹریشن کا تناسب 8.4 فیصد ہے۔

شزا فاطمہ نے بتایا کہ فیول ریلیف اسکیم کے تحت اب تک 14 لاکھ 93 ہزار 848 شہریوں کو فیول ٹوکن جاری کیے جاچکے ہیں جبکہ 6 لاکھ 55 ہزار 67 شہری اب تک فیول حاصل کرچکے ہیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اسکیم کے نام پر ہونے والے کسی بھی ممکنہ فراڈ سے بچنے کے لیے اپنی ذاتی معلومات کسی غیر متعلقہ شخص کے ساتھ شیئر نہ کریں اور رجسٹریشن یا ریلیف کے حصول کے دوران احتیاط سے کام لیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا