ایک نئی سائنسی تحقیق نے انکشاف کیا ہے کہ سوشل میڈیا انفلوئنسرز اگلے 25 سالوں میں نمایاں جسمانی تبدیلیوں کا شکار ہو سکتے ہیں اور ان کی شکل و صورت آج کے مقابلے میں یکسر مختلف ہوگی۔
ماہرین کے مطابق ’Ava‘ نامی ایک مستقبل کی ماڈل کو بطور مثال تیار کیا گیا ہے جس کی پیٹھ اور گردن مسلسل فون اور لیپ ٹاپ پر جھکاؤ کی وجہ سے ٹیڑھی دکھائی دیتی ہے۔ اس کے علاوہ ایل ای ڈی اسکرین کی حد سے زیادہ نمائش کے باعث آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے اور جلد کی زرد رنگت نمایاں ہے، جبکہ بار بار فِلرز کے استعمال نے اس کی ٹھوڑی اور جبڑے کو غیر فطری طور پر نوکیلا بنا دیا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ بالوں کی مصنوعات کے حد سے زیادہ استعمال سے Ava کے بال جھڑ چکے ہیں اور گنجے حصے بھی ظاہر ہو رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ماڈل محض مستقبل کی ایک جھلک نہیں بلکہ آج کے کانٹینٹ کریئٹرز کے لیے ایک وارننگ ہے کہ خوبصورتی کے جنون اور مسلسل اسکرین ٹائم کا انجام انسانی صحت پر سنگین اثر ڈال سکتا ہے۔