راولپنڈی: توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف 3 گواہوں کے بیانات پر جرح مکمل کر لی گئی۔
سماعت اڈیالہ جیل میں اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں ہوئی۔ دورانِ سماعت سابق وزیراعظم کے پرسنل سیکرٹری انعام شاہ، کسٹم اپریزر رابعہ صمد، ثنا سعید اور اے ڈی سی عبداللہ خان کے بیانات پر جرح کی گئی۔
عدالت میں بانی کی بہنیں اور بشریٰ بی بی کی بھابی مہر النسا احمد بھی موجود تھیں۔ اب تک اس مقدمے میں مجموعی طور پر 14 گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔ استغاثہ کے گواہ عظیم منظور کو غیر ضروری جان کر ترک کر دیا گیا۔
عدالت نے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت 10 ستمبر تک ملتوی کر دی۔ دورانِ سماعت پراسیکیوٹر ذوالفقار عباس نقوی اور ٹیم کے ساتھ عدالت میں موجود تھے جبکہ وکلائے صفائی ارشد تبریز اور مفتی قوسین عدالت میں موجود تھے۔ سماعت میں پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سینیٹر علی ظفر بھی شریک ہوئے۔





