قطر کے وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا ہے کہ اسرائیل کے حالیہ حملے نے یرغمالیوں کی رہائی کی تمام امیدیں ختم کر دی ہیں۔ امریکی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی ہے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔
قطری وزیراعظم کے مطابق حماس پر اسرائیلی حملے نے یرغمالیوں کا مستقبل مزید تاریک کر دیا ہے اور اب ان کی رہائی تقریباً ناممکن ہوگئی ہے۔
یاد رہے کہ 9 ستمبر کو اسرائیل نے قطر کے دارالحکومت دوحہ پر فضائی حملہ کیا تھا جس میں حماس کی قیادت کو نشانہ بنایا گیا۔ حماس کے مطابق اس حملے میں تنظیم کے سینئر رہنما خلیل الحیہ کے بیٹے، دفتر کے ڈائریکٹر سمیت 6 افراد شہید ہوئے جبکہ مرکزی قیادت محفوظ رہی۔ قطر کی وزارت داخلہ نے بھی تصدیق کی کہ حملے میں ایک سکیورٹی افسر شہید اور ایک زخمی ہوا۔






