وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ سیلاب زدہ علاقوں میں 3700 اسکولوں کو شدید نقصان پہنچا ہے جبکہ کئی اسکول اب بھی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔
پروگرام سینٹر اسٹیج میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ریلیف کیمپس میں متاثرہ بچوں کے لیے 3 شفٹس میں اسکول چلائے جا رہے ہیں، مجموعی طور پر 19 مقامات پر ریلیف کیمپس قائم ہیں۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی گھروں کو واپسی میں کم از کم ایک سے ڈیڑھ ماہ لگے گا۔ ان کے مطابق خیمے فراہم کیے جا چکے ہیں جبکہ عوام کے ساتھ ساتھ مویشیوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔






