دوحہ میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس آج منعقد ہوگا، جس میں مسلم ممالک کے وزرائے خارجہ شریک ہوں گے۔ پاکستان کی نمائندگی وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کریں گے۔
اجلاس میں اسرائیلی جارحیت کے جواب میں مشترکہ لائحہ عمل اپنانے اور ایک قرارداد کی منظوری متوقع ہے۔ حکام کے مطابق یہ قرارداد کل ہونے والے او آئی سی سربراہی اجلاس میں پیش کی جائے گی۔
سربراہی اجلاس 15 ستمبر کو ہوگا، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ شرکت کریں گے۔ وزیراعظم اس سے قبل قطر کا ایک روزہ دورہ بھی کر چکے ہیں، جس کا مقصد یکجہتی اور تعاون کا اظہار تھا۔
قطر کی وزارتِ خارجہ کے مطابق اجلاس میں اسرائیلی حملے پر باضابطہ قرارداد کے مسودے پر غور کیا جائے گا۔ وزارتِ خارجہ کے ترجمان ماجد بن محمد الانصاری کا کہنا ہے کہ یہ کانفرنس عرب اور اسلامی دنیا کی وسیع تر یکجہتی اور قطر کے ساتھ اظہارِ حمایت کی علامت ہے۔





