وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان پہلے ہی آئی ایم ایف پروگرام کا حصہ ہے اور ادارے نے سیلاب سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال کو سمجھ لیا ہے۔
ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل کمالیہ کے دورے کے موقع پر ان کا کہنا تھا کہ عالمی فنڈز سے پہلے حکومت اپنے وسائل استعمال کر رہی ہے۔ “دنیا دیکھ رہی ہے کہ پاکستانی عوام کس مشکل سے گزر رہے ہیں۔”
انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے نتیجے میں سڑکیں، پل اور مکانات تباہ ہوئے ہیں، اس لیے آفت زدہ عوام کو اس وقت بجلی کے بل بھیجنا درست نہیں۔
محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں جانی نقصان کم ہوا، دعا ہے پانی جلد اترے تاکہ کسان اپنی اگلی فصلیں کاشت کر سکیں۔ “ہم نے انفراسٹرکچر کو پہلے جیسا بحال کرنا ہے۔”
وزیر خزانہ نے اس موقع پر حالیہ ریلیف آپریشن کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ “ہم افواجِ پاکستان کے بے حد شکر گزار ہیں جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں عوام کا ساتھ دیا۔”





