سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ گڈو بیراج پر اونچے اور سکھر بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب جاری ہے۔ صوبائی حکومت تمام بیراجوں کی صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی سرگرمیوں میں مصروف ہے۔
شرجیل میمن کے مطابق پنجند میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جہاں اپ اسٹریم اور ڈاؤن اسٹریم کا بہاؤ 402,919 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ گڈو بیراج پر اپ اسٹریم 612,269 کیوسک اور ڈاؤن اسٹریم 582,942 کیوسک، جبکہ سکھر بیراج پر اپ اسٹریم 488,820 کیوسک اور ڈاؤن اسٹریم 438,390 کیوسک ریکارڈ ہوا۔ کوٹری بیراج پر اپ اسٹریم 274,129 کیوسک اور ڈاؤن اسٹریم 261,399 کیوسک ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5,269 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جس کے بعد اب تک منتقل ہونے والوں کی تعداد 163,364 ہوگئی ہے۔ کچے کے علاقوں سے مزید 252 افراد ریلیف کیمپس میں لائے گئے، جہاں اس وقت مجموعی طور پر 469 متاثرین موجود ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کی جانب سے 177 فکسڈ اور موبائل ہیلتھ سائٹس قائم کی گئی ہیں، جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6,596 مریضوں کا علاج کیا گیا۔ اب تک مجموعی طور پر 84,118 افراد کو طبی سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پچھلے 24 گھنٹوں میں 11,569 مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جس کے بعد کل تعداد 438,835 ہوگئی ہے۔ اس دوران 51,308 مویشیوں کو ویکسین اور علاج فراہم کیا گیا، جس سے مجموعی تعداد 1,232,223 تک جا پہنچی ہے۔





