چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کی منظوری سے ہائیکورٹ کی خواتین ہراسمنٹ کمیٹی کے سربراہ کو تبدیل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق جسٹس انعام امین منہاس کو نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے جبکہ جسٹس ثمن رفعت امتیاز کو اس عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر کی منظوری سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ جسٹس ثمن رفعت امتیاز کو عہدے سے ہٹانے کی وجوہات جلد جاری کی جائیں گی۔ اس سے قبل انہوں نے ججز کے خلاف شکایت پر کارروائی کے لیے کمیٹی تشکیل دی تھی، جس میں جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان اور جسٹس ارباب محمد طاہر شامل تھے جبکہ وہ خود بھی کمیٹی کا حصہ تھیں۔
واضح رہے کہ آج ایڈووکیٹ ایمان مزاری نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کے خلاف ہراسمنٹ کمیٹی میں شکایت جمع کرائی تھی، جس کے فوری بعد کمیٹی کی سربراہی میں تبدیلی کردی گئی۔




