سکھر کے علاقے روہڑی میں پانی پینے پر اونٹ کی ٹانگ کاٹنے والے دو ملزمان کو پولیس نے گرفتار کرلیا، جبکہ متاثرہ اونٹنی کو وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہدایت پر کراچی منتقل کردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے واقعے کو “ناقابل برداشت” قرار دیتے ہوئے سخت کارروائی اور مثالی سزا دینے کا حکم دیا۔ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ تیسرے کی تلاش جاری ہے۔
زخمی اونٹنی “سُمی” کا جبڑا ٹوٹا، زبان جلی اور جسم پر شدید زخم ہیں۔ وہ کھانے کے قابل نہیں اور آئی وی فلوز پر ہے۔ سیکریٹری لائیو اسٹاک کو علاج کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
اونٹ کے مالک محمد امین نے فوری تعاون پر وزیراعلیٰ سندھ اور چیئرمین ضلع کونسل کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ سندھ میں اس طرح کے ظلم کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔