امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر افغانستان نے بگرام ائیربیس واپس نہ دیا تو سنگین نتائج ہوں گے۔ ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ ائیربیس امریکا نے بنایا ہے اور اسے واپس نہ دینا خطرناک ہوگا۔
امریکی اخبار کے مطابق امریکا اور طالبان کے درمیان انسداد دہشت گردی کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں، جن میں بگرام ائیربیس پر محدود امریکی فوج کی تعیناتی پر غور کیا جا رہا ہے۔ مذاکرات کی قیادت امریکی نمائندہ خصوصی ایڈم بوہلر کر رہے ہیں۔
ٹرمپ اس سے قبل بھی کہہ چکے ہیں کہ امریکا کو بگرام ائیربیس نہیں چھوڑنا چاہیے تھا۔ وہ اسے دوبارہ حاصل کرنا چاہتے ہیں کیونکہ یہ مقام چین کے جوہری ہتھیاروں کے مرکز سے صرف ایک گھنٹے کی مسافت پر ہے۔