اسلام آباد: اسلامی نظریاتی کونسل نے بینکوں سے رقم نکالنے پر ودہولڈنگ ٹیکس کو غیر شرعی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ زیادتی کے مترادف ہے۔
کونسل نے دیت کے قانون میں ترمیم کی شقوں کو بھی مسترد کر دیا اور مؤقف اختیار کیا کہ قانون میں سونا، چاندی اور اونٹ کی شرعی مقداریں شامل رہنی چاہئیں، جبکہ مجوزہ بل میں چاندی کو حذف اور سونے کی غیر شرعی مقدار کو معیار بنایا گیا ہے۔
اجلاس میں کہا گیا کہ شوگر کے مریضوں کے لیے حلال اجزا پر مشتمل انسولین دستیاب ہے، اس لیے خنزیر کے اجزاء والی انسولین سے اجتناب کیا جائے۔ کونسل نے مزید تجویز دی کہ شہادت کے لیے رکھے گئے قرآن مجید کے نسخے بعد ازاں پاک صاف کیے جائیں اور اس حوالے سے قانون سازی کی جائے۔






