وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی وژن کے تحت مختلف اضلاع میں اربوں روپے کے منصوبے جاری
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب کے اعلان کردہ ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات نے صوبے بھر میں متعدد شاہراہوں کی بحالی کے منصوبے مکمل کر لیے ہیں۔
اس سلسلے میں صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ کے افسران نے مختلف منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اجلاس میں لاہور، جہلم، خوشاب، پاکپتن، مظفرگڑھ، مری، اٹک، بہاولنگر اور ڈیرہ غازی خان سمیت مختلف اضلاع میں جاری اور مکمل ہونے والے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر کے مطابق لاہور میں واہگہ بارڈر تا قائداعظم انٹرچینج 13 کلومیٹر طویل شاہراہ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اسی طرح پاکپتن میں 9 ارب روپے کی لاگت سے 360 کلومیٹر طویل متعدد شاہراہوں کی بحالی مکمل کر لی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 7.6 ارب روپے کی لاگت سے ساہیوال، عارف والا، بہاولنگر شاہراہ کے میگا منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ مظفرگڑھ میں محمود کوٹ روڈ کی تعمیر نو مکمل ہو چکی ہے۔ مری میں ڈیجیٹل سائن بورڈز کی تنصیب بھی مکمل کر لی گئی ہے۔
مزید برآں، اٹک میں 352 کلومیٹر طویل متعدد شاہراہوں کی بحالی مکمل کی جا چکی ہے، بہاولنگر میں 227 کلومیٹر سڑکوں کی از سر نو تعمیر ہوئی ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں 23 ارب روپے کی لاگت سے 913 کلومیٹر طویل شاہراہوں کی بحالی کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔
صوبائی وزیر ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبے میں تعمیر و ترقی کے سفر کو مزید تیز کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔





