سعودی عرب میں 6 پاکستانی گرفتار

0
441

ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایک بڑی کارروائی کے دوران 6 پاکستانی شہریوں کو حراست میں لے لیا گیا، جبکہ 71 کلوگرام منشیات بھی تحویل میں لے لی گئی۔

عرب میڈیا کے مطابق یہ کارروائی سعودی عرب کے جنرل ڈائریکٹوریٹ آف نارکوٹکس کنٹرول نے زکوٰۃ، ٹیکس اینڈ کسٹمز اتھارٹی کے تعاون سے انجام دی۔ حکام نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔

سعودی وزارت داخلہ کے سیکیورٹی ترجمان طلال الشلہوب نے بتایا کہ ملزمان اس وقت گرفتار کیے گئے جب وہ میتھایمفیٹامین کی بڑی کھیپ وصول کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد کا تعلق پاکستان سے ہے اور انہیں عدالت میں پیش کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ترجمان نے منشیات اسمگلنگ کو ناقابل قبول جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں اس حوالے سے سخت قوانین نافذ ہیں۔ جرم ثابت ہونے کی صورت میں منشیات اسمگلنگ میں ملوث افراد کو انتہائی سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

طلال الشلہوب نے مزید بتایا کہ ایک اور مشترکہ کارروائی میں عمانی حکام کے ساتھ تعاون کے نتیجے میں منشیات اسمگلنگ کی دو بڑی کوششیں ناکام بنائی گئیں، جن میں 200 کلوگرام سے زائد منشیات ضبط کی گئیں۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ منشیات کی اسمگلنگ یا ترسیل سے متعلق کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی فوری اطلاع ہنگامی نمبرز 911، 999 یا 885 پر دیں، جبکہ اطلاع دینے والے کا نام مکمل طور پر صیغۂ راز میں رکھا جائے گا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا