ملتان: اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ ہر شہری کو تعلیم یافتہ بنانا ریاست کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے کیونکہ اس وقت ڈھائی کروڑ بچے اسکول سے باہر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ پنجاب حکومت نے پہلی بار تعلیم کے لیے ریکارڈ فنڈ مختص کرتے ہوئے بجٹ 17 ارب سے بڑھا کر 46 ارب روپے کر دیا ہے۔
ملک احمد خان ٹائمز یونیورسٹی کے کانووکیشن 2025ء سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے اپنے طلبا پر فی کس 10 سے 60 ہزار روپے فی ہفتہ خرچ کرتے ہیں جبکہ سرکاری اداروں میں جہاں 97 فیصد بچے پڑھتے ہیں، سالانہ فی کس خرچ صرف 25 سے 30 ہزار روپے ہے، جس سے سرکاری طلبا نجی اداروں کے مقابلے میں کمزور رہ جاتے ہیں۔
اسپیکر نے نجی اداروں پر زور دیا کہ وہ تعلیمی مساوات کے لیے اپنے وسائل بروئے کار لائیں۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبا و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ملک کا مستقبل ہیں اور آپ کو اپنی اعلیٰ تعلیم کے ذریعے ملک کی ترقی میں حصہ ڈالنا چاہیے۔
تقریب کے دوران اسپیکر پنجاب اسمبلی نے فارغ التحصیل طلبا و طالبات میں ڈگریاں اور سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کیے۔






