پاور ڈویژن صنعتی صارفین کے لیے نیا اختیاری ملٹی ٹیرف نظام متعارف کرانے پر غور کر رہی ہے۔
ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق اس نظام کے تحت صنعتی صارفین کو ٹائم آف یوز کے تحت مختلف اوقات میں مختلف نرخوں کا انتخاب کرنے کی سہولت دی جائے گی، جبکہ فکسڈ چارجز زیادہ سے زیادہ طلب کی بنیاد پر مقرر ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ صنعتوں کو آف پیک اوقات میں بجلی استعمال کرنے کی ترغیب دی جائے گی، جس سے پیک ڈیمانڈ کم ہو گی اور بجلی کے نظام پر دباؤ میں کمی آئے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ سستی بجلی کی دستیابی سے صنعتی پیداوار اور عالمی مسابقت میں اضافے کی توقع ہے۔
پاور ڈویژن نے مجوزہ ٹیرف پر اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا فیصلہ بھی کیا ہے، جس کے تحت صنعتی صارفین اور چیمبرز آف کامرس سے رائے لی جائے گی۔ اس سلسلے میں پہلی آن لائن مشاورتی کانفرنس 26 مارچ کو منعقد ہوگی۔
ترجمان کے مطابق پاور سیکٹر اصلاحات سے طویل مدتی معاشی ترقی میں مدد ملنے کی توقع ہے، جبکہ نیا ٹیرف نظام توانائی کے مؤثر استعمال کو بھی فروغ دے گا۔





