اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بجٹ دستاویزات اور فنانس بل کے مسودے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 7 فیصد اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔
ذرائع کے مطابق تنخواہوں میں اضافہ دو مراحل میں کیا جائے گا جبکہ گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کو نسبتاً زیادہ ریلیف دیا جائے گا۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت آج اپنا تیسرا بجٹ پیش کر رہی ہے اور توقع ہے کہ یہ بجٹ معیشت کو مزید مضبوط بنیادوں پر استوار کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام معاشی چیلنجز کے باوجود عوام دوست بجٹ پیش کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عوام نے مہنگائی کے مشکل دور میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا، جس پر وہ خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہو کر سنگل ڈیجٹ میں آ چکی تھی تاہم خطے کی حالیہ صورتحال کے باعث اس میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کو عام آدمی کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے اور آئندہ دنوں میں معاشی استحکام کے مزید ثمرات عوام تک پہنچیں گے۔ انہوں نے سولر، ونڈ اور بیٹری اسٹوریج جیسے متبادل توانائی ذرائع کے فروغ اور نئے آبی ذخائر و ڈیموں کی تعمیر کی ضرورت پر بھی زور دیا۔






