وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے امتِ مسلمہ کی تاریخ کا فیصلہ کن موڑ اور اسلامی اتحاد کے نئے باب کا آغاز قرار دیا ہے۔
اپنے بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ آج مکہ مکرمہ کی مقدس سرزمین سے پوری دنیا کو یہ پیغام ملا ہے کہ مسلم دنیا متحد ہے۔ ان کے مطابق تین بڑی معاشی، عسکری اور سیاسی طاقتوں کا ایک پلیٹ فارم پر آنا پوری امتِ مسلمہ کے لیے خوش آئند پیش رفت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کا مشترکہ دفاعی معاہدہ عالمِ اسلام کے نئے دور کا آغاز ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی اور ترک قیادت کے ساتھ مل کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اس معاہدے سے نہ صرف تینوں ممالک کی دفاعی صلاحیت مزید مضبوط ہوگی بلکہ امتِ مسلمہ کے اتحاد کو بھی نئی تقویت ملے گی اور مکہ دفاعی معاہدے نے اسلامی دنیا کے اتحاد پر مہر ثبت کر دی ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ آج پاکستان کی تاریخ کا ایک اہم دن ہے اور پوری دنیا پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کا اعتراف کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اتحاد کا پیغام دیا، معرکۂ حق کے دوران پوری قوم متحد رہی اور یہ معاہدہ ہر پاکستانی کی کامیابی ہے۔
واضح رہے کہ مکہ مکرمہ میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر حملہ تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا، جبکہ معاہدے کا مقصد مشترکہ دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔





