چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سعودی عرب، پاکستان اور ترکیے کے درمیان ہونے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو ملکی تاریخ کا اہم سنگ میل قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ ایک تاریخی پیش رفت ہے، جس سے تینوں ممالک کی دفاعی صلاحیتیں مزید مضبوط ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ سعودی عرب، پاکستان اور ترکیے کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے اور خطے میں دفاعی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز کرے گا۔
بلاول بھٹو زرداری نے معاہدے کو ممکن بنانے میں کردار ادا کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ خطے اور عالمی امن کے لیے ایک تاریخی دستاویز ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ تینوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا دفاعی تعاون خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔





