راولپنڈی: رائزنگ پاکستان فورم کی مرکزی صدر محترمہ رخشندہ تسنیم صاحبہ نے آج ضلع راولپنڈی کی صدر اور معروف سیاسی و سماجی رہنما محترمہ گل آفرین اصغر صاحبہ، نائب صدر رائزنگ پاکستان فورم ضلع راولپنڈی و صدر ٹرانسپورٹ یونین اسلام آباد چوہدری جاوید اقبال کے ہمراہ اپنی ٹیم جس میں ڈاکٹر ثناء اللہ صاحب اور معروف صحافی صائمہ صاحبہ شامل تھیں، سابقہ یونین کونسل 31 موجودہ یو سی 6 چاہ سلطان کا تفصیلی دورہ کیا اور تاجر رہنماؤں و اہلِ علاقہ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں آنے والے بلدیاتی انتخابات، ان کی اہمیت اور بااختیار لوکل گورنمنٹ نظام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ علاقے کے مسائل اور تاجروں کو درپیش مشکلات پر گفتگو اور ان کے تدارک کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر مرکزی چیئرمین آغا حماد یوسف صاحب، مرکزی صدر حاجی شاہد بٹ صاحب، مرکزی جنرل سیکرٹری شاہد گل صاحب اور جوائنٹ سیکرٹری وکی شاہ صاحب سے آغا صاحب کے دفتر میں خصوصی ملاقات ہوئی۔

آغا حماد یوسف صاحب نے تاجروں کو درپیش مسائل، خصوصاً سڑک پر غلط پارکنگ کی وجہ سے روڈ بلاکنگ جیسے مسائل سے آگاہ کیا اور تاجروں کے لیے راولپنڈی میں مختلف اشیاء کی نمائش کے انعقاد اور اس کے فوائد کے بارے میں بتایا۔ رائزنگ پاکستان فورم کی قیادت نے ان کی تمام تجاویز سے اتفاق کرتے ہوئے جلد از جلد عملی اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
دورے کے دوران محترمہ گل آفرین اصغر صاحبہ نے طہماسپ آباد سے گزرنے والے نالے کی طرف حاضرین کی توجہ مبذول کرائی اور بتایا کہ برسات کے موسم میں یہ نالہ ملحقہ آبادیوں اور بالخصوص بچیوں کے کالج کے لیے شدید خطرہ بن جاتا ہے، لہٰذا اس کا فی الفور حل نکالا جائے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
رائزنگ پاکستان فورم کی قیادت نے تمام مسائل کو بغور سنا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پہلی فرصت میں ان پر کام کرتے ہوئے تمام تجاویز کو عملی جامہ پہنایا جائے گا۔





