قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی کی پاکستان ہاکی فیڈریشن کو فوری انتخابات کرانے کا حکم

0
81

اسلام آباد میں قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کا اجلاس کنوینر شیخ آفتاب کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں وزارت قانون اور اٹارنی جنرل آفس کے نمائندے شریک ہوئے۔ کمیٹی نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی کی نامزدگی کا جائزہ لیا، جسے وزارت قانون اور اٹارنی جنرل آفس نے درست قرار دیا۔

اجلاس میں پی ایچ ایف کو فوری انتخابات کرانے کی ہدایت دی گئی، جس پر صدر فیڈریشن طارق بگٹی نے دو ماہ کے اندر انتخابات کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق پی ایچ ایف جنرل کونسل نے طارق بگٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور ان کی بنیادی ذمہ داری انتخابات کرانا ہے۔

ڈی جی پی ایس بی یاسر پیرزادہ نے اجلاس کو بتایا کہ نگران وزیراعظم نے طارق بگٹی کو انتخابات اور آڈٹ کی ذمہ داری دی تھی، تاہم فیڈریشن نے تاحال کانگرس، ایسوسی ایشنز اور کلبوں کا مکمل ڈیٹا فراہم نہیں کیا، جس کی وجہ سے دو ماہ میں انتخابات کرانا مشکل نظر آتا ہے۔

کمیٹی نے طارق بگٹی کو تمام ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی، جبکہ صدر پی ایچ ایف نے مؤقف اپنایا کہ فیڈریشن خودمختار ادارہ ہے اور انہیں کانگرس کا اعتماد حاصل ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ حیدر حسین نے ہاکی فیڈریشن کا ریکارڈ چوری کیا اور کراچی ہاکی اسٹیڈیم پر قبضے کی کوشش کی، جس پر ان پر تاحیات پابندی عائد کی گئی ہے۔

وفاقی سیکرٹری محی الدین وانی نے کہا کہ فیڈریشن جلد انتخابات کرا کے تنازع ختم کرے تاکہ شفافیت قائم ہو۔ اجلاس میں ایف آئی اے حکام نے بتایا کہ وہ فیڈریشن کے آڈٹ اعتراضات اور بے ضابطگیوں کی تحقیقات کر رہے ہیں اور اس حوالے سے تمام ریکارڈ طلب کیا جا چکا ہے۔ کمیٹی نے پی ایچ ایف کو ایف آئی اے کو مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کر دی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا