لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز ایک دوسرے کے انتخابی دعوؤں کی نفی کر رہے ہیں، جس سے فارم 47 کی حقیقت خود سامنے آ رہی ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ بلاول بھٹو خود کہہ رہے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) صرف 17 نشستیں جیتی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کراچی میں قومی اسمبلی کی سات نشستیں پیپلز پارٹی کو کیسے ملیں، جبکہ ایم کیو ایم ایک بھی پولنگ اسٹیشن نہیں جیت سکی اور اسے 15 نشستیں دے دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو اپنے فارم 45 سامنے لائیں، تمام حقائق واضح ہو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایف بی آر ٹیکس ہدف پورا کرنے میں ناکام ہے، مگر عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ مسلسل بڑھایا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق لیوی کی مد میں عوام سے ساڑھے آٹھ ہزار ارب روپے وصول کیے جا چکے ہیں جبکہ چھوٹی گاڑیوں اور موٹرسائیکل مالکان سے بھی ٹیکس لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے کسان شدید متاثر ہو رہے ہیں اور پٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے زندگی کے ہر شعبے پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ بیوروکریسی اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی قربانی دیں اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ارکان اسمبلی اپنی تنخواہیں بڑھانے کے لیے تو متحد ہو جاتے ہیں، لیکن عوام کو ریلیف دینے کے لیے کوئی عملی اقدام نہیں کرتے۔
حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ 7 اگست کو پرامن سیاسی مزاحمت کا دن ہوگا اور کراچی سے خیبر تک شاہراہوں پر عوام احتجاج کریں گے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ پرامن سیاسی جدوجہد میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے۔





