وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں کا مشترکہ جرگہ بلانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے مختلف سیاسی رہنماؤں سے ٹیلیفونک رابطے کیے جن میں مولانا فضل الرحمان، ایمل ولی خان، سراج الحق، امیر مقام، آفتاب شیرپاؤ اور محمد علی شاہ باچا شامل ہیں۔ ان رہنماؤں سے صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ ان ہاؤس کمیٹی کے تحت بلایا جانے والا یہ جرگہ تمام سیاسی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش ہے تاکہ مشترکہ حکمت عملی سے امن کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مختلف سیاسی آراء جمہوری عمل کا حصہ ہیں، مگر پائیدار امن سب کا مشترکہ مقصد ہے اور اس کے لیے تمام فریقین کو ساتھ لے کر چلنا ضروری ہے۔






