ترکیہ کے ایک ہوٹل میں ہونے والی آتشزدگی کی ذمہ داری ہوٹل مالکان اور عملے کی سنگین غفلت پر ڈال دی گئی ہے۔ رواں سال کے آغاز میں پیش آنے والے اس المناک واقعے میں 34 بچوں سمیت 78 افراد جاں بحق اور 137 زخمی ہوئے تھے۔ تحقیقات کے دوران یہ ثابت ہوا کہ ہوٹل انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کو نظرانداز کیا تھا، جس کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔
آج صوبائی عدالت نے ہوٹل کے مالک سمیت 11 ملزمان کو عمر قید کی سزا سنادی۔ فیصلے میں کہا گیا کہ ہوٹل میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کوئی انتظام موجود نہیں تھا اور نہ ہی احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی تھیں۔ عملہ بھی غیر تربیت یافتہ تھا، جس کے باعث ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔
عدالت نے یہ بھی واضح کیا کہ سرکاری محکموں نے اجازت نامے جاری کرتے وقت غفلت کا مظاہرہ کیا، جس نے اس المناک واقعے کے نتائج کو مزید سنگین بنا دیا۔






